میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت، فرانزک رپورٹ میں گن شارٹ ریزیڈیو کا انکشاف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) نوجوان میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ قبر کشائی کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامین رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی، جس کے مطابق مقتول کے ہاتھوں، سینے اور کمر سے گن شارٹ ریزیڈیو (GSR) ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق کیس کی تحقیقات اب فرانزک شواہد کے ساتھ ساتھ مالی معاملات کے پہلو سے بھی آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ میر رضا سے قرض کی رقم کی واپسی کے لیے تین سے چار افراد نے رابطہ کیا تھا، جن میں بعض نے 25 لاکھ جبکہ کچھ افراد نے 50 لاکھ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق قرض کی رقم کا مطالبہ کرنے والے افراد نے میر رضا کے بزنس پارٹنر محمد احمد سے بھی رابطہ کیا، جن سے تفتیشی ٹیم نے تقریباً تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ پولیس ان افراد کے کردار کا جائزہ لے رہی ہے اور مزید لوگوں کو بھی شاملِ تفتیش کیے جانے کا امکان ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی کی کیمیکل ایگزامین لیبارٹری میں ہونے والی جانچ کے دوران چار نمونوں کے نتائج حاصل ہوسکے، جبکہ دیگر نمونے ضائع ہوگئے۔
دوسری جانب 29 جولائی کو جائے وقوعہ پر پولیس اور ایمبولینس کی آمد سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی تحقیقات کا حصہ بنا لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مالی نے رات 11 بج کر 52 منٹ پر لاش دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دو اہلکار موٹرسائیکل پر موقع پر پہنچے، جس کے بعد پولیس موبائل بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ایمبولینس رات 12 بج کر 50 منٹ پر پہنچی جبکہ 1 بج کر 45 منٹ پر لاش لے کر روانہ ہوئی۔
پولیس گھر سے جائے وقوعہ تک مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز اور اطراف میں نصب وائس ریکارڈنگ کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کر رہی ہے، جن میں ممکنہ طور پر فائرنگ کی آواز تلاش کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک شواہد، مالی معاملات اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کو سامنے رکھتے ہوئے کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



