فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان پر آزاد کشمیر کے سیاسی و کاروباری رہنماؤں کا شدید ردعمل

مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے)آزاد کشمیر کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور کاروباری شخصیات نے مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے اپنا بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد آصف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے دفاع کی ضامن ہے اور سرحدوں پر دن رات پہرہ دینے والے جوانوں کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری رخسار نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف مولانا فضل الرحمان کا بیان پاکستانیوں اور کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری شعیب ارشد نے بھی مولانا فضل الرحمان کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھارت کی جانب سے دراندازی کی کوشش کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا تھا۔
استحکام پاکستان پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنما محمد علی شان سونی نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کے خلاف گفتگو قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق قومی قیادت کو ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہیے جس سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوں۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میرپور راجہ نوید اختر نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت پاکستان اور آزاد کشمیر کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جرأت مندانہ فیصلوں نے بھارت کو عالمی سطح پر رسوا کیا۔
میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عمر جرال نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف اس نوعیت کی بیان بازی ملکی مفادات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر دن رات ملک کی حفاظت کرتے ہیں، جس کے باعث عوام خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
سیاسی و کاروباری رہنماؤں نے قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے گفتگو میں احتیاط برتنے اور قومی یکجہتی کو مقدم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔



