ماتلی،نشئی نے پیسے نہ دینے پر والدہ اوربہن کوزخمی کردیا

ماتلی(رپورٹ:ایم۔ار۔گدی)ماتلی تعلقہ کے گاؤں ملہن نظامانی میں منشیات کیلئے رقم نہ دینے پر ایک مبینہ نشے کے عادی نوجوان نے اپنی سگی والدہ اور بہن کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ ماتلی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق ملزم فرقان نظامانی نے اپنی والدہ سے منشیات خریدنے کے لیے رقم کا مطالبہ کیا، انکار پر اس نے مبینہ طور پر والدہ پر بہیمانہ تشدد کیا، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔ شور و غل سن کر بہن سویرا اپنی والدہ کو بچانے کے لیے آگے بڑھی تو ملزم نے اسے بھی مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد والدہ اور بیٹی تھانہ ماتلی پہنچیں اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کرا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں اور سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ ماتلی اور گردونواح میں آئس (کرسٹل میتھ) سمیت دیگر منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوان نسل کو تیزی سے تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق جس طرح ماضی میں ہیروئن نے بے شمار خاندانوں کو متاثر کیا تھا، آج آئس کا نشہ اس سے بھی زیادہ خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے اور آئے روز منشیات سے وابستہ تشدد، گھریلو جھگڑوں اور دیگر جرائم کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئس اور دیگر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے، کیونکہ ایک ہی فرد کی منشیات کی لت پورے خاندان کے سکون، معاشی استحکام اور مستقبل کو تباہ کر دیتی ہے۔#



