غریب پیش امام غلام رفیق دل پربااثرافراد نے زندگی تنگ کردی،پولیس کارروائی سے گریزاں

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی/جانوڈاٹ پی کے )ماتلی کے گاؤں اللہ بخش دل کے رہائشی، غریب پیش امام غلام رفیق دل نے ماتلی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گاؤں کے بعض بااثر افراد پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے باعث وہ اور ان کا خاندان شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسجد کے پیش امام ہیں اور ایک غریب آدمی ہونے کے باوجود بااثر افراد کی جانب سے انہیں مسلسل ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ غلام رفیق دل نے الزام عائد کیا کہ انہیں اپنی ہی گلی سے گزرنے نہیں دیا جاتا اور ان کی نقل و حرکت محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے راجو خانانی تھانے میں درخواست بھی جمع کرا رکھی ہے، تاہم تاحال پولیس کی جانب سے کسی قسم کی مؤثر قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث ان کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے چھوٹے بچے ہیں اور انہیں اپنی، اپنے اہل خانہ اور بچوں کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے شدید خدشات لاحق ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی بدین اور ایس ایچ او راجو خانانی سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری تحفظ فراہم کیا جائے، معاملے کا نوٹس لے کر شفاف انکوائری کرائی جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔



