مریم نواز سے اوکاڑہ کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر گفتگو

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چوہدری افتخار حسین چھچھڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شریک ہوئے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

ارکان اسمبلی نے پنجاب کے 41 اضلاع اور 2 تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس تک سڑک کی تعمیر و بحالی اور شہریوں کے لیے الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی اظہار تشکر کیا۔

ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیف سٹی منصوبے اور پولیس کے مؤثر اقدامات کے باعث پنجاب میں جرائم کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ انہوں نے الیکٹروبس، اپنی چھت اپنا گھر اور کسان کارڈ کو بھی عوامی سطح پر مقبول منصوبے قرار دیا۔

مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو عوام سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت عوامی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے تمام شہروں اور دیہات کو یکساں طور پر صاف کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کے درمیان فرق ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہر شہر و گاؤں میں الیکٹروبس سروس فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button