مون سون کے بعد پنجاب بھر میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کیا جائے گا، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے فوری بعد پنجاب کے تمام شہروں میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) فیز ون کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سیوریج، ڈرینیج اور شہری انفراسٹرکچر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر، میلسی سمیت متعدد شہروں کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔

مریم نواز شریف نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس اسٹڈی، سیوریج اور ڈرینیج منصوبوں کی امپیکٹ اسٹڈی اور عوامی فیڈ بیک رپورٹ بھی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 29 شہروں میں زیرزمین اسٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ 21 مزید شہروں میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے مون سون کے دوران بہترین کارکردگی پر ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کو خصوصی شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ باغبانپورہ سانحے کے دوران کیپٹن علی اعجاز آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنا قابلِ تحسین ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ نئے سیوریج نظام کے باعث مختلف شہروں میں بارش کے پانی کی نکاسی کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے دن رات کام کرنے والے تمام افسران اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button