مریم نواز کا مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ کی برسی پر خراج عقیدت، خواتین کیلئے عظیم رول ماڈل قرار دے دیا


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59ویں برسی پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناحؒ ہر بہن اور ہر بیٹی کے لیے رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی جمہوری، قومی اور ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے لیے فاطمہ جناحؒ کی بے مثال محبت، قربانی اور جذبہ ایثار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مادرِ ملت کی قومی و سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ مشکل حالات میں ان کی ثابت قدمی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ نے ثابت کیا کہ خواتین ملک کی ترقی، تعمیر اور قومی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔