27 ستمبر کو پتا چل جائے گا ریاست اپنی رِٹ کیسے قائم کرتی ہے، طلال چودھری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو واضح ہو جائے گا کہ ریاست اپنی رِٹ کیسے قائم کرتی ہے، حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کا اختیار رکھتی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ اسلام آباد مارچ کے دوران ریاست اپنی رِٹ برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ پی ٹی آئی کو دوبارہ اسلام آباد آمد پر سختی یا کسی قسم کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے، تاہم 27 ستمبر کی تاریخ آنے پر صورتحال واضح ہو جائے گی۔
وزیر مملکت نے خیبرپختونخوا حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا انسداد دہشت گردی سے متعلق وزیراعظم کے سہ ماہی اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے، تاہم این ایف سی ایوارڈ میں حصہ بڑھانے اور وفاق سے فنڈز لینے کے معاملے پر وفاق کو یاد کیا جاتا ہے۔
طلال چودھری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو اب تک این ایف سی کے تحت 700 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں اور ان فنڈز کا حساب دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو سیاسی دھرنوں اور مارچ کے بجائے صوبے میں دستیاب وسائل کے درست استعمال اور حکومتی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔



