چاند رات اور عیدالاضحیٰ کے ایام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالاضحی کے ایام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے عید اجتماعات میں میٹل ڈی ٹیکٹر اورواک تھرو گیٹس کی تنصیب کا حکم بھی دے دیا۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے اسسٹنٹ کمشنرز کو علماء کرام سے ملاقات کی ہدایت کی جس میں علما ء کرام کو عیدالاضحی پر حکومت پنجاب کے سکیورٹی اور صفائی انتظامات پر بریفنگ دی جائے گی۔

انہوں نے حساس مقامات پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے چاند رات پر مارکیٹوں میں پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس تعینات کرنے کاحکم بھی دیا،انہوں نے سکیورٹی آپریشن کے لئے سیف سٹی رئیل ٹائم مانیٹرنگ یقینی بنانے اورکالعدم تنظیموں کی طرف سے کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے کیمپوں پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیاہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کالعدم تنظیموں کے کیمپ پر پابندی کے لئے ڈی پی اوز کو خود وزٹ کرنے کی ہدایت کی اورسوشل میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد کی ممانعت یقینی بنانے کا حکم دیا،انہوں نےعید الاضحی پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

 ہوم سیکرٹری پنجاب احمد جاوید قاضی نے عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ د ی جس میں بتایاکہ صوبہ بھر میں 38507 مقامات پرنماز عید کے اجتماعات ہوں گے ،دفعہ 144کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے پر پابندی لگا دی گئی ہے ،ڈرین اور پبلک مقاما ت پر جانوروں کی باقیات پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،اس کے علاوہ عیدالاضحی پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی بھی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی –

مزید خبریں

Back to top button