ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بدین  نےحاملہ خواتین کیلئے“ممتا پروگرام” میں رجسٹریشن کیلئے ایک مزید ڈیسک کا افتتاح کر دیا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے ڈسٹرکٹ اسپتال ڈاکٹر سکندر علی مندھرو میں حاملہ خواتین کی سہولت کے پیشِ نظر “ممتا پروگرام” میں رجسٹریشن کے لیے ایک مزید ڈیسک کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے اس دوسرے ڈیسک کا تفصیلی دورہ بھی کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا “ممتا پروگرام” معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ یہ پروگرام بالخصوص خواتین اور بچوں کی بہتری، صحت اور غذائیت کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے، جو ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ممتا پروگرام کے ذریعے نہ صرف مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ عوام میں صحت سے متعلق شعور بھی اجاگر کیا جا رہا ہے، جو ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ پروگرام غریب خاندانوں کے لیے امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا یہ اقدام حکومتِ سندھ کی عوام دوست پالیسیوں کا عکاس ہے، جو سماجی تحفظ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انسانی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سیدہ رضوانہ حنین شاہ نے ممتا پروگرام کے دوسرے ڈیسک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال ڈاکٹر سکندر علی مندھرو میں ممتا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ اسپتال میں پہلے سے ایک رجسٹریشن ڈیسک موجود ہے، تاہم رش زیادہ ہونے کے باعث ایک مزید ڈیسک قائم کیا گیا ہے تاکہ حاملہ خواتین کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن ممکن بنائی جا سکے انہوں نے بتایا کہ ایک ڈیسک بلاک بی میں جبکہ دوسرا ڈیسک بلاک ڈی میں قائم کیا گیا ہے افتتاحی تقریب میں ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر سکندر میمن، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر رسول بخش میمن، ڈاکٹر حرمت سومرو، ڈاکٹر سیما، ڈاکٹر سندھُو خواجہ، ڈاکٹر امِ کلثوم سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے

مزید خبریں

Back to top button