ملالہ یوسفزئی کا ورلڈ ایجوکیشن فورم میں خطاب، پاکستان کے روشن مستقبل پر امید کا اظہار


لندن(جانوڈاٹ پی کے\ مانیٹرنگ ڈیسک) نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے حوالے سے پرامید ہیں، اور نوجوان جدید علوم کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
لندن میں منعقدہ ورلڈ ایجوکیشن فورم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ ترقی کے سفر میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے، اور تعلیم کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں فلسطین، لبنان اور افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی طالبات اپنے مسائل کو سمجھتی ہیں اور ان کے حل تلاش کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں، جبکہ افغانستان میں لڑکیاں مشکلات کے باوجود تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی نے طلبہ کے ساتھ گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی اور کوئز مقابلے میں حصہ لیا۔ کانفرنس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے تعلیم نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نوجوان جدید تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔