ایل پی جی سرکاری نرخ 308 روپے، مگر اوپن مارکیٹ میں 500 روپے تک فروخت، شہری شدید پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومت کی جانب سے ایل پی جی (LPG) کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں اس کی من مانے نرخوں پر فروخت جاری ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں دکاندار ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جبکہ قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر 10 سے 20 روپے تک اضافہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی ایل پی جی نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ خاص طور پر وہ خاندان جو کھانا پکانے اور دیگر ضروریات کے لیے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں، شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
دوسری جانب رکشہ ڈرائیورز نے بھی ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایندھن کے اخراجات میں اضافے سے ان کی آمدن کم ہو رہی ہے اور روزگار چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عام صارفین کو ریلیف مل سکے۔



