ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کا خدشہ،پٹرولیم ڈویژن کااوگراکو کارروائی کاخط

پٹرولیم ڈویژن کے خط کے مطابق ملکی طلب پوری کرنے کے لیے ایل پی جی درآمد کی جا رہی ہے، تاہم اطلاعات ہیں کہ درآمدات کے باوجود ٹرمینلز سے ایل پی جی باقاعدگی سے نہیں اٹھائی جا رہی، جس کے باعث ذخیرہ اندوزی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اس صورتحال کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا پر زور دیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور درآمدی ٹرمینلز سے ایل پی جی کی باقاعدہ ترسیل یقینی بنائی جائے۔
پٹرولیم ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ ایل پی جی کو طلب والے مراکز تک پہنچانے کے لیے سپلائی کا نظام بہتر بنایا جائے اور اس معاملے میں ضروری قانونی و انتظامی کارروائی شروع کی جائے تاکہ صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو۔
خط میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ پہاڑی، دور دراز اور قومی گیس گرڈ سے منسلک نہ ہونے والے علاقوں کے صارفین ایل پی جی پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، اس لیے مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام ضروری ہے۔



