قائمہ کمیٹی داخلہ میں اسلام آباد بلدیاتی بل منظور، پیپلز پارٹی کی مخالفت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیپلز پارٹی کی شدید مخالفت کے باوجود ‘اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس بل 2026’ کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔
بل پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ اس قانون کے تحت آپ نے ایک ایسا ایڈمنسٹریٹر لگانا ہے جو بغیر کسی میعاد کے شہر کا "بادشاہ” بن کر بیٹھ جائے گا، آغا رفیع اللہ نے کہا اسلام آباد میں اسپتال تک سنبھالے نہیں جاتے، نئے صوبوں کی بات کرتے ہیں۔
وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد کا دفاع کیا تو عبدالقادر پٹیل نے کراچی کا موازنہ شروع کر دیا، جس پر ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار نے جواب دیا کراچی کسی کی جاگیر نہیں۔ تکرار بڑھنے پر چیئرمین کمیٹی نے بحث رکوا دی۔
بل پر ووٹنگ کروائی گئی تو 12 ارکان میں سے 8 نے حمایت کی، پیپلز پارٹی کے 4 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
ن لیگ کے انجم عقیل، نوشین افتخار، شہباز بابر اور ایم کیو ایم کے ارکان نے حق میں ووٹ دیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نبیل گبول نے ایئرپورٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے مخالفت کا ووٹ ڈالا۔
پیپلز پارٹی نے بل پر اپنا اختلافی نوٹ جمع کروانے کا اعلان بھی کیا۔



