لاڑکانہ ٹیکنیکل کالج میں بڑا حادثہ، کرنٹ لگنے سے نجی ٹیکنیشن جاں بحق

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کے ٹیکنیکل کالج میں 11 کے وی نذر فیڈر سے متعلق ٹرانسفارمر پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نجی ٹیکنیشن گلفام علی ابڑو جاں بحق ہوگئے۔

سیپکو انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ سیپکو حکام کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گلفام علی ابڑو مبینہ طور پر چلتی بجلی کی لائن پر کام کر رہے تھے۔

سپرنٹینڈنگ انجینئر سیپکو اصغر سانگی کے مطابق واقعے میں سیپکو کا کوئی افسر یا اہلکار ملوث نہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹرانسفارمر اور اس پر جاری کام ٹیکنیکل کالج انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں تھا۔

سیپکو حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران اگر کسی قسم کی غفلت یا خلافِ ضابطہ اقدام ثابت ہوا تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سیپکو غلام مصطفیٰ لغاری سمیت سیپکو انتظامیہ نے گلفام علی ابڑو کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب سیپکو حکام نے خبردار کیا ہے کہ سیپکو کی تنصیبات، ٹرانسفارمرز اور بجلی کی لائنوں پر غیر مجاز یا غیر تربیت یافتہ افراد کا کام کرنا انتہائی خطرناک ہے۔ حکام کے مطابق ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کے مطابق مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔

سیپکو انتظامیہ نے تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی پرائیویٹ یا غیر مجاز شخص کو بجلی کی چلتی لائن، پول، ٹرانسفارمر یا دیگر برقی تنصیبات پر کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button