اسلام کوٹ میں مبینہ زمین پر قبضے اور پانی بھرنے سے روکنے کیخلاف متاثرہ خاندانوں کا احتجاج، تحقیقات کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پریس کلب اسلام کوٹ کے باہر گاؤں کھاریو غلام شاہ کے قریب مولو بھیل کی ڈھانی کے رہائشیوں نے اپنی مبینہ سروے شدہ زمین پر قبضے اور کنویں سے پانی بھرنے سے روکنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خمیسو بھیل، ھوتو، شنکر، لکشمی زوجہ خمیسو، پھولان زوجہ ھوتو، پرکاش، نرسنگ، مورو سمیت دیگر افراد شریک تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ماستر کیول رامجی قوم بھیل نے ان کی مبینہ سروے شدہ زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور انہیں کنویں سے پانی بھرنے سے بھی روکا جا رہا ہے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے اسسٹنٹ کمشنر اسلام کوٹ، مختیارکار اسلام کوٹ، تپیدار اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ قبضہ ختم کرایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔



