لاہور میں طالبہ کو تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرکے زیادتی، ملزم گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کاہنہ پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے اسکول طالبہ کو مبینہ طور پر بلیک میل کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ایس پی اسد علی کے مطابق ملزم نے متاثرہ لڑکی کو ورغلا کر اس سے دوستی کی اور اس کی تصاویر بنائیں، بعد ازاں انہی تصاویر کے ذریعے اسے بلیک میل کرکے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق متاثرہ طالبہ گھر سے اسکول کے لیے نکلی تھی، تاہم ملزم اسے بلیک میل کرکے شہزادہ روڈ پر واقع ایک گھر لے گیا۔
پولیس نے ملزم کشمائل کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کردیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔



