کوہاٹ، بچے کی پیدائش کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، چھت گرنے سے 10 افراد جاں بحق

 کوہاٹ(جانوڈاٹ پی کے)تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں طوفانی بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے بچے کی پیدائش کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ افسوسناک حادثے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت گھر میں نومولود بچے کی پیدائش پر مبارکباد دینے کے لیے رشتہ دار اور عزیز و اقارب جمع تھے کہ اچانک شدید بارش کے دوران مکان کی چھت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ زخمیوں کے علاج کے لیے خون کی اشد ضرورت کے پیش نظر شہریوں سے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، تاہم واقعے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button