خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے 15 روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر چکا ہے، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا تعین ضروری ہو گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، جبکہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو مکمل ہو چکی ہے، جبکہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن اپنی تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔
حکام کے مطابق الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) اور خیبرپختونخوا لوکل کونسلز (کنڈکٹ آف الیکشنز) رولز 2021 کے تحت انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت جاری ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 جولائی 2026 کو بھیجا گیا مشاورتی خط صوبائی کابینہ کو ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اجلاس کے اختتام پر الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سے متعلقہ سمری کی نقل طلب کر لی اور فیصلہ کیا کہ انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔



