خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، الرٹ جاری

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، وارننگ سسٹم فعال رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ کم نشیبی علاقوں میں رہائشیوں کو بھی الرٹ رہنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔



