کراچی پورٹ کے قریب2بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے

 کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی پورٹ کی حدود میں دو بحری جہازوں، ایم وی این آئی ڈبلیو اے اور ایم وی پاپو کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک جہاز کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرے جہاز سے کنٹینرز سمندر میں گر گئے۔پورٹ حکام کے مطابق حادثہ گزشتہ شام اس وقت پیش آیا جب کراچی بندرگاہ سے روانہ ہونے والے کنٹینر بردار بحری جہاز ایم وی پاپو نے زیرِ سمندر کیبلز کی دیکھ بھال کرنے والے جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے کو ٹکر مار دی۔

 

حادثے کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کے پائلٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے کو بحفاظت برتھ نمبر5پر منتقل کر دیا،جبکہ ایم وی پاپو اس وقت آؤٹر اینکریج پر موجودہے۔پورٹ ذرائع کے مطابق ٹکر مارنے والے بحری جہاز ایم وی پاپو کو پاکستان کی سمندری حدود میں روک لیا گیا ہے اورچیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زیر صدارت واقعے سے متعلق اہم اجلاس جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ جہاز کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے،جس کے بعد ذمہ دار جہاز کے مالکان سے ہرجانہ وصول کیا جائے گا۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button