میر رضا کیس میں نیا موڑ، نئی تحقیقاتی کمیٹی کا آج پہلا اجلاس، قتل کی دفعہ 302 شامل

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) تاجر میر رضا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، نئی تشکیل دی گئی پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے، جس میں کیس سے متعلق اب تک ہونے والی تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی تحقیقاتی کمیٹی کیس کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات آگے بڑھائے گی۔ تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی، دستیاب شواہد کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا جبکہ میر رضا کے لواحقین اور دیگر متعلقہ افراد سے دوبارہ پوچھ گچھ بھی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی میں تبدیلی بھی کی گئی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کی جگہ ایس ایس پی علی رضا کو تحقیقاتی کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے فیروز آباد تھانے میں میر رضا کے اغوا سے متعلق درج ایف آئی آر کو قتل کے مقدمے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 شامل کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی۔ کیس میں غفلت برتنے پر ایس ڈی پی او شارع فیصل اور ایس ایچ او گلستان جوہر کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے۔
نئی تحقیقاتی کمیٹی کیس کے دستیاب شواہد، جائے وقوعہ، سابقہ تحقیقات اور متعلقہ افراد کے بیانات کا دوبارہ جائزہ لے گی، جبکہ تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



