مٹھی: ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کیس میں ضمانت مسترد، ملزم عدالت سے فرار

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) سول اسپتال مٹھی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کے مبینہ خودکشی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ واقعے میں نامزد ملزم، وارڈ بوائے رجب کنبھار کی ضمانت کی درخواست ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے مسترد کر دی۔
عدالت کی جانب سے ضمانت رد ہونے کے باوجود حیران کن طور پر ملزم رجب کنبھار عدالت کے احاطے سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی اس مبینہ غفلت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ واقعے کے بعد عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی ہلاکت کا معاملہ پہلے ہی حساس نوعیت اختیار کر چکا ہے، اور اس میں پیش رفت کو عوامی سطح پر گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔



