ایران پر فوجی مہم دوبارہ شروع کرسکتے ہیں،امریکی نائب صدر کی دھمکی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ہم نے ایران معاملے پر کافی پیشرفت کی ہے،فوجی مہم دوبارہ شروع کر سکتے ہیں لیکن صدر ٹرمپ ایسا نہیں چاہتے۔وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔امریکی نائب صدر نے کہا کہ میرا خیال ہے ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، جب تک معاہدے پر دستخط نہیں ہوجاتے یقین سے نہیں کہہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ہم سے نیک نیتی سے مذاکرات کرنے کو کہا، ہم نے ایسا ہی کیا، ہمارے پاس ایران امریکا تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینے کا موقع ہے۔جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرنے جا رہے ہیں جس سے ایرانیوں کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت ہو، ہم بالکل تیار اور مکمل الرٹ ہیں۔



