سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، "آئی ورک فار سندھ” کو مستقل سرکاری روزگار پروگرام بنانے کی منظوری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)حکومت سندھ نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے پائلٹ منصوبے "آئی ورک فار سندھ” کو باقاعدہ سرکاری پروگرام میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ صوبے بھر کے نوجوانوں کو سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمتوں تک آسان اور مؤثر رسائی فراہم کی جا سکے۔

یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ "آئی ورک فار سندھ” نوجوانوں اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ ان کے مطابق اب تک پلیٹ فارم پر 48 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر 670 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، 11 ہزار 100 ملازمتیں اس وقت فعال ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار 800 سے زائد ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں بھی جمع کرائی جا چکی ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پورٹل پر خودکار سی وی بنانے کی سہولت موجود ہے، جبکہ "لرن اینڈ ارن” فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی صنعتی ماہرین کی جانب سے لائیو کیریئر کاؤنسلنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے نوجوانوں کو براہ راست کیریئر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس کے دوران حکومت سندھ کے منصوبوں کی مؤثر تشہیر، جدید ڈیجیٹل کمیونیکیشن حکمت عملی، اخبارات اور میڈیا ہاؤسز سے متعلق امور، اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ اور محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ اطلاعات کی بروقت، شفاف اور مؤثر ترسیل کو یقینی بنایا جائے، جبکہ اخبارات اور میڈیا ہاؤسز سے متعلق تمام جائز امور قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹائے جائیں۔ انہوں نے صحافتی اداروں کے ساتھ پیشہ ورانہ، مثبت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button