لبنان میں اسرائیل کی گھروں پر بمباری، بچوں کی لاشیں سڑکوں پر بکھر گئیں

بیروت(ویب ڈیسک) لبنان کے مشرقی علاقے وادی بقاع میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے گھروں کو نشانہ بنایا جس سے بچوں کی لاشیں سڑکوں پر جا گریں، کئی رہائشیوں نے بتایا انہیں بچوں کی لاشیں سڑک پر بکھری ہوئی ملیں، ایک خاتون اپنے بیٹے اور بیٹی کے ساتھ گھر میں موجود تھی جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کے والد پہلے ہی شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں، سو حمر قصبے کے میئر سکندر برکہ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 140 سے زائد مکانات تباہ یا متاثر ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بیشتر لوگ واپس آچکے ہیں تاہم وہ مجموعی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں اور جاری مذاکرات کے نتائج کے منتظر ہیں جبکہ لبنان کے اندر اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔

قصبے مشغرا میں بھی رہائشی گھروں کو نشانہ بنایا گیا، متاثرہ شہری محمود ابراہیم نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی گھر کے قریب کھڑی کرکے اندر گئے ہی تھے کہ چند لمحوں بعد زور دار دھماکہ ہوا، جس سے ان کے گھر کی کھڑکیاں، شیشے اور دیگر سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

لبنان میں جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2,387 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 7,602 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button