پاک افغان سرحد پر دراندازی ناکام، 15 خوارج ہلاک، 36 گھنٹے تک کارروائی جاری رہی،آئی ایس پی آر

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے ایک گروہ نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جس کا سیکیورٹی فورسز نے بروقت سراغ لگا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ درانداز خوارج کا مؤثر مقابلہ کیا۔ کارروائی کا سلسلہ 36 گھنٹے تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا سامان خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو مزید بے نقاب کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ خوارج اور ان کے سہولت کار پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا افغان طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین کا سرحد پار دہشت گردی کے لیے استعمال ہر صورت روکا جانا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button