اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی کا معاملہ، سمری کی منظوری نہ ہونے پر درخواست دوبارہ سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری نہ ہونے کے معاملے پر دائر درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔

عدالتی شیڈول کے مطابق درخواست کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کریں گے۔ درخواست پر سماعت کل دن 11 بجے مقرر کی گئی ہے، جہاں معاملے کے قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

صدر مملکت کی جانب سے نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری نہ دیے جانے کے خلاف درخواست ایڈووکیٹ لقمان ظفر کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے زاہد آصف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوں گے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری کے معاملے پر صدر مملکت کے سیکرٹری کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ صدر کے سیکرٹری کو سمری کی منظوری کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے، جہاں عدالت درخواست گزار کے مؤقف اور متعلقہ آئینی و قانونی نکات کا جائزہ لے گی۔

مزید خبریں

Back to top button