موٹرویز پر اضافی ٹول ٹیکس روک دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے این ایچ اے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹرویز پر ایم ٹیگ نہ ہونے یا کم بیلنس کی بنیاد پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے کے خلاف اہم حکم جاری کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا 30 مئی 2025 کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست کی سماعت کے بعد دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں این ایچ اے کو آئندہ عدالتی حکم تک اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا گیا۔

یہ درخواست ایڈووکیٹ جلال حیدر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایم ٹیگ نہ ہونے یا کم بیلنس کی صورت میں 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنا غیر قانونی ہے، کیونکہ این ایچ اے کو اس حوالے سے قانون کے تحت کوئی اختیار حاصل نہیں۔

عدالت نے این ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 اگست تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ کیس کی آئندہ سماعت اور مزید عدالتی فیصلے تک موٹرویز پر ایم ٹیگ یا کم بیلنس کی بنیاد پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button