اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کیلیے دبئی ہوائی اڈے کی طرز پر شاندار سروس کا آغاز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)مسافروں کی سہولت اور ان کے سفر کو آرام دہ کرنے کے مقصد کیلیے اسلام آباد کے بین اقوامی ہوائی اڈے پر اپنی نوعیت میں منفرد، پریمیم میٹ اینڈ اسسٹ سروس کا آغاز کیا جارہا ہے۔

یہ سروس اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو یکساں میسر ہوگی، اس سروس کا موازنہ دنیا کے اچھے ائیرپورٹس پر میسر میٹ اینڈ گریٹ سروسز کے ساتھ کیا جاسکتا گا اور یہ دبئی ائیرپورٹ پر چلنے والی ‘مرحبا’ سروس کے طرز پر کام کرے گی۔

اس سروس کو بک کرنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر گاڑی لانے اور لے جانے کے لیے مخصوص وی آئی پی لینز، بزنس کلاس لاؤنج، اور امیگریشن و چیک ان کے لیے ‘فاسٹ ٹریک’ کی خصوصی سہولیات ملیں گی۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی انتظامیہ پاکستانی ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے سہولیات کے معیار کو دنیا کے جدید ترین ایئرپورٹس کے برابر لانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ سہولت اس ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیشِ نظر،یہ وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستان اپنی بہترین جغرافیائی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئےلاجسٹکس اور ایوی ایشن کے مرکز کے طور پر اپنے اپ کو تیار کرے اور یہ سروس اس ہی وژن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اسلام آباد ائیرپورٹ اپنی وسیع و عریض عمارت؛ اور بڑی تعداد میں آنے والے سفارت کاروں، غیر ملکی وفود اور شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کا مرکز ہے۔ یہاں پر اس طرح کی سہولت کی شدید ضرورت تھی۔  اس کے ساتھ ساتھ، اسلام آباد ایئرپورٹ سی پیک (CPEC) کے مرکزی راستے پر بھی واقع ہے،جسے پاکستان کی مستقبل کی معاشی لائف لائن سمجھا جاتا ہے۔

اگرچہ ابھی سروس کا دائرہ کار صرف اسلام اباد تک محدود ہے تاہم منصوبے کے مطابق مستقبل میں اس سروس کو ملک کے دیگر بڑے شہروں کے ایئرپورٹس پر بھی بھی پھیلایا جاسکتا ہے۔

یہ سروس ایک اوپن ٹینڈرکےعمل کے ذریعے جاری کی جارہی ہے جس کو پاکستان اور سعودی عرب کی ٹیکنالوجی اور ہاسپیٹلٹی کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیم ‘ولی النزاوی پارٹنرشپ’  نے سب سے زیادہ اور پرکشش بولی کے ذریعے حاصل کیا۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ‘خوش آمدید میٹ اینڈ اسسٹ اینڈ کنسیئرج سروسز’ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایئر مارشل (ریٹائرڈ) ارشد ملک نے کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر” ‘خوش آمدید’ سروس کا آغاز پاکستان میں ایوی ایشن سروسز کو اپ گریڈ کرنے کے ہمارے عزم کا اعادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک سہولت متعارف نہیں کروا رہے، بلکہ ایک جدید اور ٹیکنالوجی سے لیس سسٹم لا رہے ہیں جس میں ریئل ٹائم سی آر ایم (CRM) ٹریکنگ سے لے کر ایپرن لاجسٹکس اور مسافروں کی خصوصی دیکھ بھال تک، ہر چیز کو اس طرح ترتیب کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کو ایک محفوظ اور عالمی معیار کی سروس میسر آئے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیمیں تمام اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، اور ہم جولائی 2026 کے پہلے ہفتے میں اپنے پہلے مسافروں کو اس بہترین سروس کے ساتھ خوش آمدید کہنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button