اسحاق ڈار قاہرہ روانہ، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے اہم وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل اہم وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار قاہرہ میں منعقد ہونے والے آر فور گروپ کے چوتھے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی تعاون، علاقائی صورتحال اور سفارتی روابط کے فروغ پر گفتگو متوقع ہے۔
اسحاق ڈار کی عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات شیڈول ہے، جس میں پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے قاہرہ میں علاقائی سلامتی اور خطے کو درپیش چیلنجز پر مشاورت کے لیے اس اہم اجلاس کا انعقاد کیا ہے۔