ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،نائب  وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی حکام نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو الوداع کیا۔ اس موقع پرایرانی صدر کو  دورے کی تمام تصاویر کا البم بھی دیا گیا۔

یاد رہے کہ منگل کے روز ایرانی صدرمسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں ان کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا۔

نور خان ائیر بیس پر صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔

ایک روزہ دورے کے دوران ایرانی صدر  وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایران کے صدر کے ساتھ تعارف کرایا ، ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم شہباز شریف سے متعارف کرایا۔ ایران کے صدر نے شہباز شریف کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور دعا کی۔

بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سےایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی علیحدہ علیحدہ ملاقائیں ہوئیں۔

اس کے علاوہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کے دورے کا مقصد امریکا ایران ثالثی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا تھا، انہوں نے اپنے دورے میں ثالثی کردار پر وزیرا‏عظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں

Back to top button