قشم اور سیریک میں دھماکوں کی آوازیں، متعدد علاقوں پر پروجیکٹائل حملے

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے جزیرے قشم اور سیریک میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق آبنائے ہرمز میں واقع قشم جزیرے پر کچھ دیر قبل ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکا جزیرے کے اندر ہوا یا آواز سمندر کی جانب سے آئی۔

رپورٹس کے مطابق سیریک کے مختلف علاقوں کو بھی پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث حملوں اور دھماکوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ رائٹرز کے مطابق جنوبی ایرانی بندرگاہی شہر جاسک کے قریب بھی سمندر کی جانب سے دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔

قشم اور سیریک آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہونے کے باعث موجودہ ایران امریکا کشیدگی میں خاص تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور توانائی کی عالمی سپلائی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھا دیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button