گول کے بعد بندوق کا اشارہ،ایرانی فٹبالر محمد محبی تنازع کا شکار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)ایران فٹبال ٹیم کے اسٹار محمد محبی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں گول اسکور کرنے کے بعد بندوق کے انداز میں جشن منانے کے بعد تنازع کی زد میں آگئے۔
15 جون بروز پیر کو کھیلے گئے میچ میں ایران نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف میچ 2-2 سے ڈرا کر کے کیا۔
محمد محبی نے سنسنی خیز مقابلے میں دوسرا گول داغ کر نیوزی لینڈ کی برتری کو ختم کیا۔
تاہم، ان پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ گول کرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے انہوں نے اپنے دائیں ہاتھ سے بندوق بنا کر ہوا میں فائرنگ کرنے کا انداز اپنایا۔
بعد ازاں جشن جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ہاتھوں سے دل بھی بنایا۔
کھیل کے بعد اسٹار کھلاڑی سے ان کے جشن کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جشن کا یہ طریقہ انہوں نے مداحوں کے لیے اپنایا، وہ سب ایرانی جو لاس اینجلس میں رہتے ہیں انہوں نے زبردست ماحول بنایا، وہ ان کے مشکور ہیں۔



