نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ، ان کی ترقی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، صدر و وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی بنیادی خواہشات ہیں، جبکہ نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کو فروغ دینا ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
صدر مملکت کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار اپناتے ہوئے قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال نوجوانوں کا عالمی دن ’’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزارنے کے باوجود روشن مستقبل کے یکساں خواب اور خواہشات رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبوں میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، روزگار، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں، کیونکہ نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔



