پی بی 9 کوہلو: سپریم کورٹ نے 4 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا فیصلہ معطل کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 9 کوہلو کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر 27 اگست کو ہونے والی ری پولنگ کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر چنگیز خان مری کی رکنیت بحال کردی۔

جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے انتخابی ٹریبونل کے فیصلے کی روشنی میں پی بی 9 کوہلو کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر 27 اگست کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر چنگیز خان مری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پی بی 9 کوہلو کا انتخابی تنازع کیا ہے؟

2024 کے عام انتخابات میں پی بی 9 کوہلو سے مسلم لیگ (ن) کے میر چنگیز خان مری کامیاب قرار پائے تھے۔ انہیں 7 ہزار 544 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدِمقابل میر نصیب اللہ خان نے 6 ہزار 277 ووٹ حاصل کیے تھے۔

بعد ازاں میر نصیب اللہ خان کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف دائر درخواست پر بلوچستان کے الیکشن ٹریبونل نے جولائی 2026 میں میر چنگیز خان مری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے میر چنگیز خان مری کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا اور 27 اگست کو 4 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا شیڈول جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کے بعد میر چنگیز خان مری کی رکنیت بحال ہوگئی ہے جبکہ 27 اگست کی ری پولنگ کا فیصلہ فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button