جی ایچ کیو کیس پر جوڈیشل کمیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائے، شیخ وقاص اکرم

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے گزشتہ روز کے جی ایچ کیو کیس کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانے اور سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی جی ایچ کیو کیس پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنی چاہیے تاکہ حقائق واضح ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی بھی معاملے میں حقائق سامنے لانے اور شفاف تحقیقات کی حمایت کرتی ہے، پارٹی میں اتنا حوصلہ ہے کہ غلط کو غلط اور درست کو درست کہہ سکے۔

عمران خان تک رسائی ان کا قانونی حق ہے: پی ٹی آئی

شیخ وقاص اکرم نے عمران خان کی زندگی سے متعلق ایک وی لاگر کے دعوؤں پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب وی لاگر خود کہہ رہا ہے کہ وہ عمران خان کے حوالے سے تصدیق نہیں کرسکتا تو ایسی باتیں کرنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات سے عوام میں تشویش پیدا ہوئی، بانی پی ٹی آئی تک ہر صورت رسائی فراہم کرنا ہوگی کیونکہ یہ ان کا قانونی حق ہے۔ عمران خان کے اہلخانہ، وکلا اور متعلقہ افراد کو ملاقات اور ضروری معلومات تک رسائی سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے مختلف صوبوں اور قومیتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں سیاسی بے چینی اور انتشار کے خاتمے کے لیے عمران خان کے خلاف مبینہ اقدامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، کیونکہ وہ مختلف طبقات کو دوبارہ متحد رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

عدلیہ عمران خان کے حقوق یقینی بنائے: شیخ وقاص اکرم

انہوں نے عدلیہ کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کے جج کے پاس عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار موجود ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اگر ججز کے پاس یہ اختیارات موجود ہیں تو پھر عمران خان کے حقوق یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے؟ ان کے مطابق عمران خان کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور اہلخانہ سے ملاقات نہیں ہورہی۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو میڈیا میں آنے والی رپورٹس اور عوامی تشویش کے ساتھ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔

شیخ وقاص اکرم نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ اگر اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ عدالتی احکامات کو نظرانداز کررہا ہے تو اس معاملے کا نوٹس لیا جائے۔

آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بھی پی ٹی آئی کا مؤقف

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت کو مسترد کرتی ہے اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کی آزادی اور آئینی کردار کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا اور موجودہ حالات نے ان کے مطابق ثابت کردیا ہے کہ پارٹی کا فیصلہ درست تھا۔ تحریک انصاف کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے اپنا مؤقف جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button