بھارت نے 11ویں بار سلال ڈیم سے پانی چھوڑ دیا، پاکستان میں فلڈ الرٹ، دریائے سندھ میں طغیانی

لاہور/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بھارت کی جانب سے مسلسل گیارہویں مرتبہ سلال ڈیم سے پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان میں فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے جبکہ کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر بھی نچلے درجے کی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔

سیلابی صورتحال کے باعث دریائے سندھ میں طغیانی سے سیہون کے متعدد دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔

دوسری جانب دریائے جہلم، چناب، ستلج، راوی اور کابل کے بیشتر مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ چاچڑان شریف اور بے نظیر پل کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادھر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بڑھ کر 1,539 فٹ تک پہنچ گئی ہے اور ڈیم 89 فیصد بھر چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,196 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے اور یہ 57 فیصد بھر چکا ہے۔

متعلقہ اداروں نے دریاؤں اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button