انڈونیشیا میں علیحدگی پسندوں نے امریکی پائلٹ کو قتل کرکے طیارے کو آگ لگا دی

جکارتہ(جانوڈاٹ پی کے)انڈونیشیا کے شورش زدہ مشرقی صوبے پاپوا میں علیحدگی پسند باغیوں نے امریکی پائلٹ کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد طیارے کو نذر آتش کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق انڈونیشیا کی علیحدگی پسند مسلح جماعت ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی کے ترجمان سیبی سامبوم نے اپنے ایک بیان میں کی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے امریکی پائلٹ کی شناخت نکولس ایف گوسیلن کے نام سے ہوئی ہے۔ طیارے نے پاپوا صوبے کے ضلع ہائی یاہوکیمو میں لینڈنگ کی تھی۔

طیارے پر حملہ کرنے والے باغیوں نے الزام عائد کیا کہ یہ طیارہ بار بار انڈونیشی فوجی اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور ان کی جانب سے جاری انتباہ کو نظر انداز کیا۔

حملے کے بعد باغیوں کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں مسلح افراد کو بندوقوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ "مارننگ اسٹار” پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا جو پاپوا کی آزادی کی تحریک کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

باغیوں نے خبردار کیا کہ اگر انڈونیشیا نے ان کے زیرِ اثر علاقوں میں شہری طیاروں کی پروازیں جاری رکھیں تو ایسے حملے مزید کیے جائیں گے۔

تاحال امریکی سفارت خانے نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ادھر انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ یہ طیارہ وامینا سے یاہوکیمو جا رہا تھا اور لینڈنگ کے فوراً بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

ان کے بقول یہ طیارہ مقامی فضائی کمپنی کی ملکیت تھا جو پاپوا کے دور دراز علاقوں میں خوراک، ایندھن، ڈاک اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کی خدمات انجام دیتی ہے۔

دوسری جانب انڈونیشیا کی مشترکہ پولیس اور فوجی آپریشنز کے ترجمان یوسف سوتیجو نے تصدیق کی ہے کہ یاہوکیمو کے ایک ہوائی اڈے پر ایک جلا ہوا طیارہ ملا ہے جسے ایک امریکی پائلٹ اڑا رہا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ تاحال اس بات کی سرکاری تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ طیارے پر حملہ علیحدگی پسندوں نے کیا تھا اور آیا پائلٹ ہلاک ہوچکا ہے۔

ادھر حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں امریکی پائلٹ سمیت 8 افراد سوار تھے جن میں باقی 7 مسافر مقامی پاپوان باشندے تھے۔ مسافروں کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

پاپوا تنازع کیا ہے؟

وسائل سے مالا مال مغربی پاپوا کئی دہائیوں سے علیحدگی پسند تحریک کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں کے باغی گروپ انڈونیشیا سے آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ انڈونیشی فوج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری رہتی ہیں۔

حالیہ برسوں میں باغیوں کو جدید اسلحہ ملنے کے بعد حملوں میں شدت اور ہلاکتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ فروری 2023 میں بھی پاپوا کے باغیوں نے نیوزی لینڈ کے پائلٹ فلپ میرٹنز کو ایک چھوٹا تجارتی طیارہ اتارنے کے بعد اغوا کر لیا تھا، جنہیں تقریباً 19 ماہ بعد ستمبر 2024 میں رہا کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button