ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت آج فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنے

بیلجیم(ویب ڈیسک) ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت آج اہم میچ میں مدمقابل ہوں گے، جس میں پاکستان کو اگلے مرحلے میں رسائی کی امید برقرار رکھنے کے لیے لازمی فتح درکار ہے۔ دونوں ٹیمیں پول ڈی میں شامل ہیں اور یہ میچ عالمی کپ کے دوسرے مرحلے تک رسائی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان نے ایونٹ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کھائی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ویلز کے خلاف بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے میچ 3-3 سے برابر کیا۔
دوسری جانب بھارت نے اپنے افتتاحی میچ میں ویلز کو 3-1 سے شکست دی، تاہم دوسرے میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ مسلسل دو کامیابیوں کے ساتھ پول میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا چکا ہے۔
پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف کامیابی انتہائی اہم ہے۔ فتح کی صورت میں قومی ٹیم کے پوائنٹس 4 ہو جائیں گے اور اگلے مرحلے میں رسائی کی امید برقرار رہے گی۔ تاہم اگر ویلز اپنے آخری میچ میں انگلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو پول سے اگلے مرحلے میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ گول اوسط کی بنیاد پر ہو سکتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ہائی وولٹیج مقابلہ آج شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ کو شائقین کی خصوصی توجہ حاصل ہے، جبکہ پاکستان کے لیے یہ مقابلہ ورلڈ کپ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے۔



