اداکار عمران اشرف کی موت کی خبر جعلی نکلی، خود تردید کردی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی موت کی جعلی خبر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا، تاہم اداکار نے خود سامنے آکر خبر کی تردید کردی۔
سوشل میڈیا پر حال ہی میں ایک مبینہ اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران اشرف انتقال کرگئے ہیں۔
خبر وائرل ہونے کے بعد عمران اشرف نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے انتقال کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔
اداکار نے لکھا: "الحمدللہ، میں بالکل ٹھیک ہوں اور میرے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبر جعلی ہے۔”
عمران اشرف کی تردید کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیے جانے والے گمراہ کن مواد پر تشویش کا اظہار کیا اور حساس نوعیت کی خبروں کو تصدیق کے بغیر شیئر نہ کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ عمران اشرف کا شمار پاکستان کے مقبول اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہیں ڈرامہ "رانجھا رانجھا کردی” میں بھولا کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی، جبکہ وہ معروف کامیڈی پروگرام "مذاق رات” کی میزبانی بھی کرچکے ہیں۔



