چوتھے ٹیسٹ میں جنوبی کوریا نے پاکستان انڈر 21 کو 2-6 سے شکست دے دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان انڈر21ہاکی ٹیم اور جنوبی کوریا کی سینئر ہاکی ٹیم کے درمیان کھیلی جانے والی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو 2-6 سے شکست دے دی۔
اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے کوارٹر میں دو گول کر کے میزبان ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔
کوریا کی جانب سے میچ کے تیسرے منٹ میں رم جن کانگ (Rim Jinkang) نے پینلٹی کارنر پر گول اسکور کیا، جبکہ پانچویں منٹ میں کم ہیون ہونگ (Kim Hyeonhong) نے ایک اور پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلا دی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے واپسی کی کوشش کی اور میچ کے 19ویں منٹ میں محمد احمد نے خوبصورت فیلڈ گول اسکور کر کے خسارہ کم کرتے ہوئے اسکور 1-2 کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک جنوبی کوریا کو ایک گول کی برتری حاصل رہی۔
تیسرے کوارٹر میں کورین ٹیم نے ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مسلسل تین پینلٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کیا اور اسکور 1-5 کر دیا، جس سے پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان نے ایک اور گول کر کے اسکور 2-6 کیا، تاہم کوریا کی مضبوط دفاعی حکمت عملی اور مؤثر اٹیک کے باعث پاکستان میچ میں واپسی نہ کر سکا۔
اس کامیابی کے ساتھ جنوبی کوریا نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں واضح برتری حاصل کر لی، جبکہ پاکستان انڈر 21 ٹیم کو تجربہ کار کورین سینئر ٹیم کے خلاف قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوا۔



