انڈر21کھلاڑیوں کیلئے بڑی خوشخبری، پنجاب میں ہاکی لیگ کا امکان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے بڑے مقابلوں کیلئے تیار کرنے کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی زیرِنگرانی ہاکی لیگ کے انعقاد کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ ہاکی لیگ میں پانچ ٹیمیں شامل کی جائیں گی، جبکہ لیگ میں انڈر 21 کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ لیگ کے انعقاد کا مقصد نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنا اور قومی ٹیم کیلئے نئے ٹیلنٹ کی تیاری قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ کو خاص طور پر جونیئر ہاکی ورلڈکپ 2029 کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دینے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ مستقبل میں پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی مضبوط کھیپ تیار کی جاسکے۔
مجوزہ لیگ میں پاکستان کے سابق اولمپئن اور ہاکی لیجنڈ شہباز سینیئر کو بھی اہم کردار دیے جانے کا امکان ہے۔ ان کی شمولیت سے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور رہنمائی میں مدد ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہاکی لیگ کے حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب جلد مزید تفصیلات جاری کرے گا، جن میں ٹیموں، کھلاڑیوں، لیگ کے فارمیٹ اور انعقاد سے متعلق دیگر امور شامل ہونے کا امکان ہے۔



