پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا تیسرے روز میں داخل، 8 روز تک جاری رکھنے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا تیسرے روز میں داخل ہوگیا، جبکہ دھرنے کو مزید وسعت دینے کے لیے پنجاب بھر سے کارکنوں کی مرحلہ وار شرکت کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق آج شام وسطی اور مشرقی پنجاب کے مختلف اضلاع سے کارکنان کے قافلوں کی دھرنے میں شرکت متوقع ہے۔ دھرنے میں شرکت کے لیے آنے والے کارکنان رات گئے اپنے اضلاع کو روانہ ہوں گے، جبکہ اگلے روز دیگر اضلاع سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے دھرنا 8 روز تک جاری رکھنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ شرکا کے لیے کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام بھی آٹھ روز کے لیے کیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پنجاب بھر سے کارکنان کو مرحلہ وار دھرنے میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ صوبائی عہدیداران کو بھی مختلف دنوں کے حساب سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

آج جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے اور بعد ازاں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا اور کارکنان اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے اور پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button