جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے شدید علیل تھے۔

حافظ محمد ادریس کے انتقال پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی حافظ محمد ادریس کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی جبکہ اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

حافظ محمد ادریس کا شمار جماعت اسلامی کی اہم شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی دینی و دعوتی سرگرمیوں، سیاسی جدوجہد اور فکری و نظریاتی کاموں کے لیے وقف کی۔

وہ ایک طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے منصب پر فائز رہے۔ اس کے علاوہ مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور امیر جماعت اسلامی پنجاب سمیت مختلف اہم تنظیمی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔

حافظ محمد ادریس ممتاز عالم دین، مقرر اور مصنف بھی تھے۔ انہوں نے قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ سمیت مختلف دینی و فکری موضوعات پر متعدد کتب تحریر کیں اور اپنے خطابات کے ذریعے نوجوانوں کی دینی و فکری رہنمائی میں کردار ادا کیا۔

وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی ارکان میں بھی شامل رہے اور نوجوانی ہی سے تحریک اسلامی کی سرگرمیوں سے وابستہ تھے۔

مرحوم کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button