ڈیوڈ رش نے ایک منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کر نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا

آئیڈاہو(جانوڈاٹ پی کے)امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک سیریل گینیز ورلڈ ریکارڈ بریکر نے صرف ایک منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کر ایک اور حیران کن کارنامہ اپنے نام کر لیا۔
ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش اس سے پہلے بھی ٹی شرٹس سے متعلق کئی منفرد ریکارڈ بنا چکے ہیں، جن میں 30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ ٹی شرٹس پہننا اور 10 ٹی شرٹس تیزی سے پہننے کا ریکارڈ شامل ہے۔
تاہم، اس بار انہوں نے ’ایک شخص کی جانب سے ایک منٹ میں سب سے زیادہ ٹی شرٹس پہننے‘ کا چیلنج قبول کیا۔
ڈیوڈ رش کے مطابق یہ ریکارڈ دیکھنے میں جتنا آسان لگتا ہے، حقیقت میں اتنا ہی مشکل ہے۔
انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ کچھ دیر بعد جسم کی حرکت محدود ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ دسویں شرٹ کے بعد آپ صرف وقت سے نہیں لڑ رہے ہوتے بلکہ کپڑے سے بھی جنگ کر رہے ہوتے ہیں۔ ہر نئی تہہ جسم کو مزید جکڑ دیتی ہے اور بازوؤں کی حرکت کم ہوتی جاتی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے آپ کسی اسٹریٹ جیکٹ سے کشتی لڑ رہے ہوں۔



