قدرتی برف میں 2 گھنٹے سے زائد دفن رہ کر پولینڈ کے شہری نے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا


پولینڈ(ویب ڈیسک) پولینڈ سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ ڈیمیئن کاسپرژک نے قدرتی برف میں دو گھنٹے سے زائد وقت گزار کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ڈیمیئن کاسپرژک نے شلاختوا میں ہونے والی ایک منفرد کوشش کے دوران 2 گھنٹے، 12 منٹ اور 12 سیکنڈ تک مکمل طور پر قدرتی برف میں دفن رہ کر مردوں کے لیے اس کیٹیگری میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے اپنی غیرمعمولی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ مصنوعی برف میں 5 گھنٹے، 1 منٹ اور 33 سیکنڈ تک رہنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
ڈیمیئن کاسپرژک نے اپنی اس کامیابی کا سہرا مشہور آئس مین ویلیرین رومانوفسکی کو دیا، جن کے نام برفیلے پانی میں سب سے زیادہ دیر تک رہنے سمیت متعدد گینیز ورلڈ ریکارڈز درج ہیں۔
اس منفرد کارنامے نے دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے اور ڈیمیئن ایک بار پھر انتہائی سرد ماحول میں غیرمعمولی برداشت کی علامت بن کر سامنے آئے ہیں۔