سندھ میں گوگل کیریئر سرٹیفکیشن پروگرام 2026 کا آغاز، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعلیٰ سندھ


کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گوگل کیریئر سرٹیفکیشن پروگرام 2026 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (AI) تعلیم، تحقیق اور گورننس کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے، جبکہ گوگل جیمنی کارنر طلبہ کو عالمی معیار کی مصنوعی ذہانت کی مہارتیں سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جامعات میں تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔
مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور صنعت کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور انہیں عالمی تقاضوں کے مطابق بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔