گاڈزیلا فلم سیریز کی نوجوان اداکارہ کیلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں


واشنگٹن(ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی مشہور فلمی سیریز گاڈزیلا میں جیا کا کردار ادا کرنے والی 18 سالہ اداکارہ کیلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئی ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلی ہوٹل ریاست میری لینڈ میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔ ان کے والد جوشوا ہوٹل نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
ٹیکساس اسکول برائے سماعت سے محروم افراد کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ کیلی ہوٹل کی اچانک وفات پر ادارہ گہرے رنج و غم میں مبتلا ہے۔
ادارے نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھی طلبہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ حادثے کی وجوہات سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات یا قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور خاندان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
کیلی ہوٹل نے کم عمری میں اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ حاصل کی تھی، اور ان کی اچانک وفات پر فلمی دنیا اور مداحوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔