گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا حکومت سازی پر اتفاق

گلگت(جانوڈاٹ پی کے) گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور تنظیموں کے درمیان تفصیلی مشاورت کے بعد سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے باہمی اعتماد اور اتفاق رائے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور حکومت سازی کے لیے ایک مشترکہ فارمولا بھی طے کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مجوزہ فارمولے کے تحت گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا جب کہ گورنر گلگت بلتستان کا منصب پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا۔
اِسی فارمولے میں طے ہوا ہے کہ لیڈر آف دی اپوزیشن کا عہدہ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس ہوگا اور گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا منصب بھی مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ کہ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والا یہ ’پبلک مینڈیٹ فارمولا‘ باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کا مظہر ہے، جس کا مقصد گلگت بلتستان میں سیاسی استحکام اور موثر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔



